پایگاه اطلاع رسانی آیت الله ابراهیم امینی قدس سره

ظہوركى كيفيت

ظہورکى کیفیت

حسب سابق 8 بجے جلسہ کى کاروائی شروع ہوئی اور اولین سوال ڈاکٹر صاحب نے اٹھایا :

ڈاکٹر: اجمالى طور پر امام زمانہ کے ظہور کى کیفیت بیان کیجئے _

ہوشیار : اہل بیت کى احادیث سے یہ بات سمجھ میں آتى ہے کہ جب دنیا کے حالات سازگار ہوجائیں گے اور حکومت حق کو قبول کرنے کیئے دنیا والوں کے قلب آمادہ ہوجائیں گے اس وقت خداوند عالم امام مہدى کوانقلاب کى اجازت دے گا چنانچہ آپ یکایک مکہ میں ظاہر ہوں گے اور منادى حق دنیا والوں کے کانوں تک آپ (ع) کے ظہور کى بشارت پہنچائے گا _ دنیا کے برگزیدہ افراد ، کہ بعض روایات میں جن کى تعداد تین سو نیرہ بیان ہوئی ہے _ ندائے حق پر سب سے پہلے لبیک کہیں گے اور لمحوں میں ولى خدا کى طرف کھینچ آئیں گے _

امام صادق کا ارشاد ہے : جب صاحب الامر ظہور فرمائیں گے کچھ شیعہ جوان پہلے سے کسى وعدہ کے بغیر شب میں مکہ یہنچ جائیں گے _(1)
 

اس کے بعدآپ اپنى دعوت عام کا سلسلہ شروع کریں گے _ مظلوم و مایوس لوگ آپ کے پاس جمع ہوجائیں گے _ بیعت کریں گے اور دیکھتے ہى دیکھتے شجاع ، فداکار اور اصلاح طلب لوگوں فوج تیار ہوجائے گى _ امام زمانہ کے انصار کى توصیف میں امام محمد باقر و امام جعفر صادق (ع) نے فرمایا ہے کہ وہ دنیا کے مشرق و مغرب پر قابض ہوجائیں گے دنیا کى ہر چیز کو مسخر کرلیں گے، ان میں سے ہر ایک میں چالیس مردوں کى قوت ہوگى ، ان کے دل فولاد کے ہیں ، مقصد کے حصول میں اگر پہاڑ بھى سامنے آئے گا تو اسے بھى ریزہ ریزہ کردیں گے ، اس وقت تک جنگ سے دست بردار نہ ہوں گے جب تک خدا راضى نہ ہوگا _ (2)

اس زمانہ میں ظالم و خود سر حاکمان خطرہ محسوس کریں گے ، دفاع کیلئے اٹھیں گے اور اپنے ہم مسلکوں کو امام زمانہ کى مخالفت کى دعوت دیں گے ، لیکن عدل دوست و اصلاح پسند سپاہى جو کہ ظلم و جور سے عاجز آچکے ہیں ، متحد ہوکر ان پر حملہ کریں گے ، خدا کى مدد سے ان کا قلع قمع کریں گے اور تہ تیغ کریں گے ، ہر جگہ خوف و ہراس طارى ہوگا اور سارى دنیا حکومت حق کے سامنے سراپا تسلیم ہوجائے گى _

بہت سے کفار صدق و حقیقت کى علامتیں دیکھ کر اسلام کے حلقہ بگوش ہوجائیں گے اور جو اپنے کفر و ظلم پر اٹل رہیں گے انھیں امام زمانہ کے سپاہى قتل کریں گے ، پورى دنیا میں اسلام کى مقتدر و طاقتور حکومت تشکیل پائے گى اور لوگ دل و جان سے اسکى حفاظت و نگہبانى کى کوشش کریں گے (3) اور ہر جگہ ، اسلام کا بول بالا ہوگا _ (4)

 

1_ بحار الانوار ج 52 ص 370_
2_ بحار الانوار ج 52 ص 327
3_ بحار الانوار ج 52 ص 379 تا ص 380
4_ بحار الانوار ج 51 ص 55 ،اثبات الہداة ج 7 ص 50