پایگاه اطلاع رسانی آیت الله ابراهیم امینی قدس سره

محبت كا اظہار كيجئے

محبت کا اظہار کیجئے

ہر انسان و دوستى کا بھوکا ہوتاہے _ اس کى خواہش ہوتى ہے کہ دوسرے اس سے محبت کریں _ انسان کادل محبت کى طاقت سے زندہ رہتا ہے _ اگر کسى کو یہ معلوم ہوجائے کہ اسے کوئی محبوب نہیں رکھتا تو ایسا انسان خود کو تنہا و بیکس محسوس کرتاہے _ ہمیشہ غمگین اور پمردہ رہتا ہے _

خاتون محترم آپ کے شوہر کا دل بھى اس خواہش کے احساس سے خالى نہیں ہے وہ بھی عشق و محبت کا بھوکا ہے _ پہلے وہ اپنے ماں باپ کى محبت سے بہرہ ور تھا لیکن جب سے اس نے آپ سے رشتہ پیمان وفا باندھا ہے ، اس وقت سے اپنے آپ کو آپ کے اختیار میں دیدیا ہے اب وہ آپ سے توقع رکھتا ہے کہ اس مہر و محبت کى تلافى کریں اور اسے دل کى گہرائیوں سے چاہیں _ اس نے تمام تعلقات کو منقطع کرکے آپ اسے رشتہ محبت و دوستى استوار کیا ہے اور چاہتا ہے کہ آپ اپنا بھرپور پیار و محبت اس پرنچھاورکریں وہ شب وروز آپ کے آرام و آسائشے کے لئے زحمت اٹھاتا ہے اور اپنى محنت و مشقت کے ما حصل کو اخلاص کے ساتھ آپ کے اوپر نچھا ورکردیتاہے _ آپ ہى اس کى شریک زندگى _ دائمى مونس اور حقیقى غمخوار ہیں حتى کہ آپ کے ماں باپ سے زیادہ اس کو آپ کى خوشى و سعادت کا خیال رہتا ہے _ اس کى قدر پہچانئے اور صمیم قلب اس سے محبت کیجئے اگر آپ اس کو عزیز رکھیں گى تو وہ بھى آپ پر اپنى محبت نچھاور کرے گا کیونکہ محبت دو طرفہ ہوتى ہے اور دل کو دل سے راہ ہوتى ہے _

محبت و مہربانى کے اظہار میں واقعاً ایک عجیب و غریب تاثیر ہوتى ہے _ ایک بیس سالہ لڑکا جو دیہات سے پڑھنے کے لئے تہران آیا تھا اپنى 39 سالہ بیوہ مالک مکان کا عاشق ہوگیا کیونکہ اس خاتون نے اپنى مہربانیوں کے ذریعہ اس کے دل میں ماں کى جگہ لے لى تھى اور ماں سے دورى کے خلاء کو پر کردیا تھا _ (18) اگر محبت دو طرفہ ہو تو ازدواجى زندگى کى بنیادیں مضبوط ہوجاتى ہیں اور جدائی کا خطرہ باقى نہیں رہتا _

اس غرور میں نہ رہئے کہ میرے شوہر نے مجھ پر محبت کى نگاہ کى ہے اور اس کا عشق ہمیشہ قائم رہے گا کیونکہ ایسا عشق جو ایک نگاہ سے پیدا ہوتا ہے دوامى اور پائیدار نہیں ہوتا _ اگر آپ چاہتى ہین کہ اس کا عشق ہمیشہ قائم رہے تو دائمى مہر و محبت کے رشتہ کى حفاظت کیجئے _ اگر آپ اپنے شوہر سے محبت کریں گى تو اس کا دل ہمیشہ خوش و خرم اور شاداب رہے گا اپنے کام کاج میں پورى دل جمعى کے ساتھ لگارہے گا اور زندگى میں بھر پور دلچسپى لے گا اور ہر کام میں کامیابى حاصل کرے گا _ اگر اسے یہ معلوم ہوکہ اسے اپنى شریک زندگى کى بھر پور محبت حاصل ہے تو وہ اپنے خاندا ن کى فلاح و بہبودى اور خوشى کے لئے اپنى فداکارى کى حد تک کوشش کرنے کے لئے تیار رہے گا جس مرد کو محبت کى کمى محسوس نہیں ہوتى وہ بہت کم دماغى امراض اور اعصابى کمزوریوں کا شکار ہوتے ہیں _

خاتون عزیز اگر آپ کے شوہر یہ معلوم ہو کہ آپ اس سے محبت نہیں کرتیں تو وہ آپ سے سرد مہرى سے کام لے گا _ زندگى اور اپنے کام کاج سے اس کى دلچسپى کم ہوجائے گى _ پریشانیوں اور دماغى امراض میں مبتلا ہوجائے گا _ زندگى اور خاندان سے فرار اختیار کرے گا اور زندگى میدان میں سرگرداں اور پریشان رہے گا _ ممکن ہے مجبور ہوکر شراب خانوں ، قمار خانوں اور تباہى و بردبارى کے مراکز میں پناہ تلاش کرے _
اپنے دل میں سوچے گا کہ میں ایسے لوگوں کے لئے کیوں تکلیف اٹھاؤں جو مجھے دوست نہیں رکھتے بہتر ہے عیاشى اور آزادى کى زندگى گزاروں اور اپنے لئے حقیقى دوست پیدا کروں _

خواہر محترم اپنے شوہر کى گردن میں رشتہ محبت ڈال دیجئے اور اس کے ذریعہ اس کى توجہ کو اپنے گھر اور خاندان کى طرف مرکوز و مبذول کرایئے ممکن ہے آپ دل سے اپنے شوہر کو بہت چاہتى ہوں مگر اظہار نہ کرتى ہوں لیکن صرف اتنا ہى کافى نہیں ہے بلکہ اس کا اظہار بھى ضرورى ہے اور اپنى رفتار و گفتار اور حرکات کے ذریعہ اپنے عشق و مبحت کو نمایان کیجئے _ اس میں کیا ہر ج ہے اگر کبھى کبھى آپ اپنے شوہر سے کہیں کہ میں واقعى آپ کو بہت چاہتى ہوں _ اگر وہ سفر سے واپس آیا ہے تو نیا لباس یا پھولوں کا ایک گلدستہ اس کى نذر کریں اور کہیں اچھا ہو آپ آگئے مجھے آپ کى جدائی گوارہ نہیں _ جب وہ باہر گیا ہو ت اسے خط لکھیں اور اس کے فراق و جدائی میں اپنے غم کا اظہار کریں _ شوہر جہاں کام کرتا ہو وہاں ٹیلیفوں ہو اور گھر بھى ٹیلیفون ہو تو کبھى کبھى فو ن کرکے اس کى خیریت پوچھ لیجئے (لیکن زیادہ نہیں ) اگر خلاف معمول دیر سے گھر پہونچے تو اپنى پریشانى کا اظہار کیجئے _

اس کى غیر موجودگى میں اپنے دوستوں اور عزیزوں میں اس کى تعریف کیجئے کہئے واقعى میں نے کیا شوہر پایا ہے _ میں اس سے محبت کرتى ہوں _اگر کوئی اس کى برائی کرنا چاہے تو اس کا دفاع کیجئے _ آپ جتنا زیادہ اپنے عشق و محبت کا اظہار کریں گى وہ اتنى ہى زیادہ آپ سے محبت کرے گا _ اور اس طرح آپ کى ازدواجى زندگى کى رسى اتنى ہى مضبوط ہوتى جائے گى اور آپ کا گھرانہ ، ایک خوش و خرم اور خوش نصیب گھرانہ ہوگا _
شیکسپئر کہتا ہے : عورت کى جس چیز نے میرے دل کو مسخر کیا وہ اس کى مہربانى ہے نہ کہ اس کے چہرے کى خوبصورتى _ میں اس عورت کو زیادہ پسند کرتاہوں جو زیادہ مہربان ہو _

خداوند بزرگ و برتر میاں بیوى کے درمیان پائی جانے والى محبت و انسیت کو اپنى قدرت کى نشانیوں میں سے ایک نشانى قراردیتے ہوئے قرآن مجید میں فرماتا ہے :
''خدا کى نشانیوں میں سے ایک نشانى یہ ہے کہ اس نے تمہارے لئے شریک زندگى (ہمسر)

پیدا کئے تا کہ تم ان سے چین حاصل کرواور تمہارے درمیان دوستى و محبت پیدا کى _ (19)
حضرت امام رضا (ع) فرماتے ہیں : بعض عروتیںاپنے شوہروں کے لئے بہترین نعمت ہیں یعنى ایسى عورتیں جو اپنے شوہر سے محبت و عشق کا اظہار کریں _ (20)

پیغمبر اکرم صلى اللہ علیہ و آلہ و سلم فرماتے ہیں : تم میں سے بہتریں عورتیں وہ ہیں جو عشق و محبت کے جذبات سے مملو ہوں _ (21)

امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں : اگر کسى کو عزیز رکھتے ہو تو اس کو اس بات سے آگاہ کرو_ (22)


18_ روزنامہ اطلاعات تہران _ الامار چ سنہ 19 70 شمارہ ص 1340
19_ سورہ روم ، آیت 21
20_مستدرک ، ج 2 ص 532
21_ بحارالانوار ج 103 ص 235
22_بحارالانوار ج 74 ص 181